نقوی کادورہ گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس،ابتر صورتحال پر تمام عملے کو ہٹانے کاحکم


لاہور،گوجرانوالہ:(سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی کا گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ ،ابتر صورتحال پر تمام عملے کو فوری ہٹانے کا حکم دےدیا۔

دفتر مقررہ وقت سے قبل بند ،شہریوں کا داخلہ ممنوع ،صفائی کا عمل شروع ،چھٹی کا سماں تھا،محسن نقوی نے استفسار کیا دفتر کا وقت ساڑھے 4بجے ہے تو 4 بجے کیوں تالے لگے، دفتر بند کرکے صفائیاں کی جا رہی ہیں اور کوئی عملہ موجود نہیں ،سب کیا ہو رہا ہے، کیا عوام کی سہولت کے دفتر ایسے چلتے ہیں،شہری خدمات کی فراہمی پر کوتاہی برداشت نہیں ، عوام کی خدمات پر مامور سٹاف کےخلاف سرکاری فرائض میں غفلت پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنامحسن نقوی 24/7میگا نادرا سینٹر بھی گئے،پاسپورٹ آفس کی سہولت مہیا کرنے کا اعلان کیا،شہریوں نے نادرا میگا سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر داخلہ نے شہریوں کی ہر طرح سے رہنمائی کرنے ،تمام معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لےکر فوری ازالے کےلئے احکامات دئیے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) زونل آفس لاہور میں خصوصی اجلاس کی صدارت کی ، اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ جلد مکمل ،ایف آئی اے افسروں کو انسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا پر پکا ہاتھ ڈالنے کے احکامات دیتے ہوئے کہاانسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔