پنجاب بیرونی سرمایہ کاری ،ترقی و شراکت داری کےلئے تیار ہے،مریم نواز

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے گوئی ژوکے شہرگوئی یانگ میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو میں پارٹی سیکرٹری ہی زونگ یو اور چینی وفد سے ملاقات میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر،لوکل مینوفیکچرنگ کےلئے بزنس ، انویسٹمنٹ کانفرنس کی تجویز،ڈیجیٹل کوآپریشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس ،سمارٹ ایگریکلچر کےلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی پیشکش کر دی اورگوئی ژو کے وفد کو دورہ لاہور کےلئے مدعو کرلیا۔

مریم نواز نے کہاپنجاب بیرونی سرمایہ کاری ،ترقی و شراکت داری کےلئے تیار ،صوبہ زرعی شعبے کی سب سے بڑی مارکیٹ،ملک کا معاشی محوراور فوڈ باسکٹ ہے،چین ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعے دنیا کی سمت تبدیل کر رہا، گوئی ژو میں ہونےوالی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی قابل تقلید ہے،چین کے تجربات ،کامیابیو ں سے سیکھنا چاہتے ہیں،گوئی ژو کی خوبصورتی، ترقی اور قابل ذکر تبدیلی متاثر کن ہے، چین کی طرح انفراسٹرکچر کی ترقی ،جنگلات یعنی ہریالی لانے کےلئے بھی کوشش کر رہے ہیں،گوئی ژو ٹیکنالوجی میں ترقی کر کے چین کا ڈیجیٹل مرکز بن چکا۔

وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان ،چین کی تاریخی دوستی کو سالڈ پراجیکٹ، انویسٹمنٹ، روزگار کے حقیقی فوائد میں بدلنا چا ہتے ہیں،قومی تعلقات کو صوبائی و عوام سے عوام تک تعلق کی سطح تک لےجایا جاسکتا ہے،گوئی ژو کی ٹیم سے ترقی کے سفر میں ساتھ لےکر چلنے کی استدعا کرتے ہیں ، خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کےلئے چین کی معاونت چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا سب چین کے قابل قدر صدر شی جن پنگ کے زبردست مداح ، چینی صدر کا ویژن،فولادی عزم، کامیابی کےلئے انتھک جستجو قابل تقلید ہے، ذاتی طور پر صدر شی جن پنگ کے مشترکہ خوشحالی، مشترکہ انسانی اہداف، سلامتی، استحکام اور تمام اقوام کی خودمختاری کے فلسفے کی پرجوش پیروکار ہوں،سمجھتی ہوں چین کے صوبے میں محض ترقی نہیں بلکہ مکمل تبدیلی آرہی ہے ،ترقی کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کا سہرا چینی صدر شی جن پنگ کی عظیم قیادت کو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان ،چین تاریخی آزمائشی وقت ،ہر موسم کی دوستی کے شراکت دار ،دوستی کا رشتہ 2حکومتوں،2ملکوں کے درمیان نہیں ،دوستی ایک دوسرے کے دلوں، عوام اور دو قوموں کے درمیان اعتماد پر قا ئم رشتے کا نام ہے، پاک چین دوستی کو پاکستانی قیادت کی پے در پے نسلوں نے پروان چڑھایا ، چین سے محبت اورلگاو نہ صرف ملک سے ملک، عوام سے عوام، دل سے دل تک نہیں بلکہ میرے خون میں شامل ہے،دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معروف شاعر ڈاکٹر فخر عباس کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کیا۔