لاہور ،اسلام آباد: (اپنے نمائندے سے،بیورورپورٹ)پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ،فوج و رینجرز کی تعیناتی کےلئے وفاق کو خط ، پشاور موٹروے ایم ون بند ،صوبائی حکومت نے 27ستمبر سے موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاﺅن گریڈ کرنے کی درخواست بھی کر دی۔
محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہاپنجاب بھر میں دفعہ 144کا نفاذ 5اکتوبر تک کےلئے کیا گیا ، ہتھیاروں کی نمائش ،عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5سے زائد افراد کے اجتماع ،لوگوں کو غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کےلئے اکسانے پر پابندی عائد کر دی گئی ،اطلاق شادی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہو گا، امن ،عوامی جان ومال کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دفعہ 144نافذ کی گئی،عوامی جان و مال کا تحفظ ترجیح ہے۔
دریں اثنا پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر صوبے میں فوج ،رینجرز کی تعیناتی کےلئے وفاق کو خط لکھ دیا،ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے راولپنڈی، اٹک، جہلم ،میانوالی میں رینجرز ،راولپنڈی میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کردی۔
علاوہ ازیں ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 27ستمبر سے موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاﺅن گریڈ کرنے کی درخواست کر دی،ذرائع کے مطابق ضلع اٹک، راولپنڈی کے مخصوص علاقوں میں موبائل ،انٹرنیٹ بندش کی درخواست کی گئی۔
ادھر اسلام آباد میں ممکنہ سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر موٹروے ایم ون کواسلام آباد سے چھچھ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا،موٹروے ایم 2پر لاہور سے بڑی اور کارگو گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ،فوج و رینجرز کی تعیناتی کےلئے وفاق کو خط



















