انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 2 ماہ توسیع کی جائے ،تاجر برادری کا مطالبہ

لاہور (نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل، نامزد صدر علی حسام اصغر، نامزد سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، نامزد نائب صدر خادم حسین، انجمن تاجران کے چیئرمین وقار احمد میاں، ایم ایم عالم روڈ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی، لاہور ہول سیل ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فاران سید بٹ، لنڈا بازار کے چیئرمین اور دیگر تاجر رہنماوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی مقررہ تاریخ 30 ستمبر میں کم از کم دو ماہ کی توسیع کی جائے، کیونکہ بڑی تعداد میں تاجر ابھی تک اپنی ریٹرن جمع نہیں کرا سکے جبکہ آن لائن نظام پر رش کے باعث بھی ٹیکس گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجر رہنماوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ انتہائی قریب آ چکی ہے لیکن بہت سے تاجر اور کاروباری افراد ابھی تک ریٹرن فائل کرنے کے عمل میں ہیں۔ متعدد ٹیکس گزاروں کو ایف بی آر کے آن لائن نظام پر تکنیکی مسائل، سست روی اور زیادہ رش کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ایسے حالات میں 30 ستمبر کی مقررہ تاریخ تک تمام ٹیکس گزاروں کیلئے ریٹرن جمع کرانا مشکل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرن فائل کرنے کیلئے تاجروں کو اپنے کاروباری حسابات، خرید و فروخت، اخراجات، بینک ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات مکمل کرنا پڑتی ہیں، جبکہ آخری دنوں میں بڑی تعداد میں ٹیکس گزاروں کے بیک وقت نظام استعمال کرنے سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث حکومت کو ٹیکس وصولی کے عمل میں سہولت پیدا کرنے کے بجائے ٹیکس گزاروں کو اضافی وقت دینا چاہیے نامزد صدر لاہور چیمبر علی حسان اصغر، نامزد سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نامزد نائب صدر خادم حسین نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کو آخری وقت میں تکنیکی مسائل کا سامنا ہونے کی صورت میں ریٹرن جمع نہ ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ ایف بی آر کو کاروباری برادری کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے تاریخ میں کم از کم دو ماہ کی توسیع دینی چاہیے تاکہ ریٹرن فائلنگ کا عمل دباو کے بجائے سہولت کے ساتھ مکمل ہو انجمن تاجران کے چیئرمین وقار احمد میاں، ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی اور لاہور ہول سیل ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فاران سید بٹ نے کہا کہ تاجر برادری میں بڑی تعداد میں ایسے افراد موجود ہیں جو ابھی ریٹرن فائل کرنے کے مرحلے میں ہیں۔ آن لائن نظام پر رش اور دیگر تکنیکی مسائل کے باعث آخری تاریخ تک ریٹرن جمع کرانا مشکل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تاجروں کو سہولت دینے کیلئے فوری طور پر توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کرنا چاہیے تاجر رہنماو¿ں نے کہا کہ ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے ایف بی آر کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ ٹیکس گزاروں کو مکمل اور درست معلومات کے ساتھ ریٹرن جمع کرانے کا وقت ملے گا۔ ان کے مطابق جلد بازی میں ریٹرن جمع کرانے سے غلطیوں کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، اس لئے مناسب اضافی وقت دینا ٹیکس نظام کی شفافیت اور بہتری کیلئے بھی مفید ہوگا۔