لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبوں کی گونج پورے ملک میں سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے سڑکیں ناپنے کے بجائے اپنے صوبے میں ترقیاتی منصوبے بھی بنائے ہوتے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا وسائل نچلی سطح تک پہنچانے کا عزم عملی شکل اختیار کر چکا ہے، لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری تک بسنت منائی جائے گی اور عوام بھرپور لطف اٹھائیں، پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں کینسر کا الگ یونٹ قائم کیا جائے گا، ریاست کو یرغمال بنانے اور لانگ مارچ کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ لوگ اسلام آباد آئیں گے تو بہت سارے سرپرائز ان کا انتظار کر رہے ہوں گے۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا بہاولپور میں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ پنجاب کے تمام ضمنی انتخابات میں بھی ن لیگ نے کامیابی حاصل کی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جس کے لیے وہ جلد جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں صورتحال یہ ہے کہ کوئی لوگوں کے گھروں تک ادویات پہنچا رہا ہے، کوئی لوگوں کے گھر بنا رہا ہے اور کوئی ”ستھرا پنجاب“ کے تحت لوگوں کے گھروں سے کچرا اٹھا رہا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے اندر ہی نہیں بلکہ باہر بھی جب کرائم انڈیکس آتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ پنجاب میں جرائم میں کمی آئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وسائل کو نچلی سطح تک پہنچانے کا عزم تھا، جسے اب عملی صورت میں دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مریم نواز سے جلتے ہیں، ان کو کہوں گی کہ محنت کرو، حسد نہ کرو۔
ریاست کو یرغمال بنانے اور لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائیگی ، عظمیٰ بخاری



















