اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پٹرولیم لیوی کےخلاف دھرنوں ،احتجاج میں مزید وسعت آئے گی، لانگ مارچ کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ، وزیراعظم کی درخواست پر مارچ کو چند روز کےلئے روکا ، شہباز شریف کی وطن واپسی پر ملاقات میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو قافلے اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے، بہتر یہی ہے لیوی ختم کردی جائے بصورت دیگر عوام حکومت گرانے کےلئے نکل پڑیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکمران اپنی مراعات ، عیاشیاں ختم ، 11ارب کے جہاز میں سفر کرنے کی بجائے 1300سی گاڑیاں استعمال کریں ، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں ، آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی ادائیگیاں بند کی جائیں، ایف بی آر میں 1300ارب کی کرپشن ہورہی ہے ، خاتمہ کیا جائے، حکومت کبھی کہتی ہے سود کا معاملہ سٹیٹ بنک کے اختیار میں ہے جو خود مختار ادارہ ہے اور کبھی کہا جاتا ہے آئی ایم ایف کا دباو ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاآئی ایم ایف معاہدے میں کہیں ذکر نہیںآمدن کے اہداف لیوی لگا کر پورے کیے جائیں ، آئی ایم ایف حکمرانوں کو اخراجات کم کرنے ، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے سے نہیں روکتا ، آئی ایم ایف نہیں کہتا بجلی پر عوام سے فکسڈ چارجز وصول کیے جائیں،ظلم اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
لیوی ختم نہ کی تو عوام حکومت گرانے کےلئے نکل پڑیں گے،حافظ نعیم الرحمن



















