اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل پاکستان پہنچیں گے، اہم ملاقاتیں شیڈول

اسلام آباد (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اہم دورے پر کل صبح پاکستان پہنچیں گے۔ دورہ پاکستان کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری شامل ہیں۔

اس مرتبہ بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاری کا خود مشاہدہ کریں گے۔2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

اسلام آباد میں انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔ یو این ایم او جی آئی پی بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا مشن ہے۔