واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دو ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکہ کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اسرائیل کا ایک غیر اعلانیہ دورہ کیا اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو سے ملاقات کی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے نے بھی برطانوی خبر ایجنسی کی تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ اس دورے کی خبر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آئندہ ہفتے ہونے والے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات میں نتن یاہو کی حمایت کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔
یہ انتخابات 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والے پہلے ملک گیر انتخابات ہیں، اس حملے نے اسرائیل کو گہرے طور پر متاثر کیا تھا اور مشرق وسطیٰ کو بدامنی کے ایک نئے دور میں دھکیل دیا تھا، اس کے بعد سے اسرائیل غزہ، لبنان اور ایران سے متعلق تنازعات اور جنگوں میں الجھا ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکہ میں بھی اگلے ماہ کے آغاز میں وسط مدتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات کو جواز بنا کر ایران کے خلاف کسی نئے حملے کی تیاری نہ کریں۔ ایران کے فوجی حکام گزشتہ چند روز کے دوران متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی نئے فوجی تصادم کیلئے تیار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کا کوئی نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے تو ایران نئے فوجی اہداف اور مختلف ہتھیاروں پر غور کر سکتا ہے۔
امریکی وزیر جنگ کا اسرائیل کا غیر اعلانیہ دورہ ، نیتن یاہو سے ملاقات کی: ایگزیوس



















