ملتان، رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 6 مسافر جاں بحق

ملتان ،شجاع آباد،لاہور:( بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)کراچی سے پشاور جانےوالی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب حادثہ،14بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،6 مسافر جاں بحق، 45سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ صبح سوا 5بجے پیش آیا، مسافرچیخ و پکار کرتے رہے،ذرائع کے مطابق ٹرین کی رفتار تیز ہونے سے بوگیاں الٹیں،حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کےساتھ پٹڑی کے کنارے بیٹھے رہے، اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری ،بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابرشریک،زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں،جاں بحق و زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا،حادثے کی تحقیقات کاآغاز کردیا گیا۔

ترجمان ریلوے کے مطابق عوام ، مسافروں کی رہنمائی کےلئے تمام بڑے سٹیشنوں پر 24گھنٹے کام کرنے والے انفارمیشن،ہیلپ ڈیسک قائم کر دئیے ۔