لاہور (سپیشل رپورٹر) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے کرپشن کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں میگا آپریشن جاری ہے اور مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 600 سے زائد کرپٹ عناصر کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا دائرہ پنجاب کے تمام ریجنوں تک وسیع کر دیا گیا ہے اور رشوت ستانی سمیت بدعنوانی کے مختلف مقدمات میں ملوث سرکاری ملازمین اور دیگر عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے، جاری کارروائیوں کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے 341 سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جبکہ مختلف نوعیت کی کرپشن شکایات پر باقاعدہ انکوائریوں کے بعد جرم ثابت ہونے پر مزید 256 افراد کو گرفتار کیا گیا، اس طرح ٹریپ ریڈز اور بعد از انکوائری گرفتاریوں کی مجموعی تعداد 597 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دیگر کارروائیوں سمیت گرفتار ہونے والے کرپٹ عناصر کی مجموعی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ریجن اے نے رشوت لیتے ہوئے 24 جبکہ لاہور ریجن بی نے 30 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، گوجرانوالہ ریجن میں 52، فیصل آباد ریجن میں 26، راولپنڈی ریجن میں 37، سرگودھا ریجن میں 25، ساہیوال ریجن میں 22، ملتان ریجن میں 57، بہاولپور ریجن میں 29 اور ڈی جی خان ریجن میں 39 افراد کو رشوت وصول کرتے ہوئے ٹریپ ریڈ کے دوران گرفتار کیا گیا، یوں صوبہ بھر میں ٹریپ ریڈز کے ذریعے گرفتار کیے جانے والے افراد کی مجموعی تعداد 341 بنتی ہے، اسی طرح مختلف کرپشن شکایات پر ہونے والی انکوائریوں میں الزامات ثابت ہونے کے بعد لاہور ریجن اے سے 15، لاہور ریجن بی سے 18، گوجرانوالہ سے 47، فیصل آباد سے 38، راولپنڈی سے ایک، سرگودھا سے 12، ساہیوال سے 22، ملتان سے 40، بہاولپور سے 46 اور ڈی جی خان سے 17 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کی مجموعی تعداد 256 بنتی ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق ادارہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے اور کسی بھی سرکاری عہدے یا حیثیت سے قطع نظر کرپشن میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، ”کرپشن فری پنجاب“ کے وژن کے تحت صوبہ بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مﺅثر بنایا جا رہا ہے جبکہ ٹریپ ریڈز، شکایات کی انکوائری اور شواہد کی بنیاد پر مقدمات میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال، رشوت ستانی اور دیگر مالی بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی اور کرپٹ عناصر کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی اس خصوصی مہم کا مقصد سرکاری اداروں میں بدعنوانی کی روک تھام، شہریوں کو رشوت ستانی سے نجات دلانا اور سرکاری امور میں شفافیت و میرٹ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ ریجنل سطح پر جاری کارروائیوں سے یہ امر بھی سامنے آ رہا ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ صرف ایک شہر یا محکمے تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے تمام بڑے ریجنز میں بیک وقت نگرانی، انکوائری اور گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔
کرپشن کیخلاف دائرہ وسیع، 600 سے زائد کرپٹ عناصر سلاخوں کے پیچھے



















