ناخواندہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم حاصل کرنے پر 30 دن کی خصوصی معافی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت ناخواندہ سزا یافتہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم حاصل کرنے پر 30 دن کی خصوصی معافی دینے کی منظوری دے دی گئی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزنز رولز 1978 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔محکمہ داخلہ کے مطابق اب ناخواندہ سزا یافتہ قیدی خواندگی پروگرام مکمل کرکے پڑھنے، لکھنے اور حساب کتاب کی بنیادی مہارتوں میں قابلیت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر 30 دن کی سزا معافی کے حقدار ہوں گے۔ سرٹیفکیٹ محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے منظور شدہ پروگرام کے تحت جاری کیا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کی جیلوں میں مئی 2026 سے تعلیم بالغاں پروگرام جاری ہے۔ محکمہ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار 578 قیدیوں کو تعلیم دی جا چکی ہے جن میں سے 4ہزار 88قیدی رہا ہو چکے ہیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں اب تک 11 ہزار 317 قیدی خواندگی کا امتحان پاس کر چکے ہیں، جبکہ صوبے کی 43 جیلوں میں قائم 182 لٹریسی سینٹرز میں اس وقت 4ہزار 173 قیدی زیر تعلیم ہیں۔زیر تعلیم قیدیوں میں 3 ہزار 986 مرد، 187 خواتین اور 105 کم عمر قیدی شامل ہیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلی پریزنرز لٹریسی پروگرام کے تحت جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ قیدیوں کو تعلیم اور تربیت فراہم کرنا انہیں رہائی کے بعد دوبارہ جرائم کی طرف جانے سے روکنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد قیدیوں میں بنیادی خواندگی کو فروغ دینا اور سزا کے دوران تعلیم و تربیت کے ذریعے ان کی معاشرتی بحالی کے امکانات بہتر بنانا ہے۔