پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پشاور میں المناک سانحہ،سکول کی چھت منہدم،34بچے،خاتون ٹیچر شہید،متعدد زخمی،مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق سکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا،تمام بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ، جاں بحق ہونےوالوں میں 6 بچیاں بھی شامل ہیں،سکول کی ایک چھت دوسری پر گرنے سے عمارت بیٹھ گئی، بچوں کی اموات ملبے تلے دبنے سے ہوئیں،پاک فوج کے جوانوں نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
سی سی پی او کے مطابق 3منزلہ پرائیویٹ سکول میں 110 بچے زیر تعلیم تھے، عمارت کی چھتیں خستہ حال سکول تنگ گلیوں میں ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،سکول مالک کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ رپورٹ کے مطابق سکول کی عمارت پہلے سے خستہ حال ،پہلے ایک کمرے کی چھت گری، امدادی کارروائیوں کیلئے رش بڑھنے پر باقی عمارت بھی گر گئی،بعض بچوں کو رہائش کی سہولت بھی میسر، سکول قریبی مسجد کے امام کی ملکیت، دینی اور دنیاوی تعلیم دی جا رہی تھی۔
دریں اثنا دلخراش حادثے میں جان کی بازی ہارنےوالے بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کی گئی،فضا شدید سوگوار رہی ،اہل خانہ ،تمام لواحقین غم سے نڈھال رہے،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، علاقہ معززین ،شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے مکمل رپورٹ طلب کر لی اور حادثے میں زخمی ہونےوالوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہامتاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد ، معاونت فراہم کی جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو حادثے کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا غفلت کے ذمہ دار سکول کے مالک کو گرفتار کرکے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا عمل شروع کردیا گیا ،وزیراعظم شہباز شریف نے واقعہ کے تمام پہلووں کا بغور جائزہ لینے اور سانحہ کے ذمہ داروں کےخلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
علاوہ ازیں صدر آصف زرداری،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ودیگر نے المناک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہادلخراش سانحہ نے پوری قوم کوصدمے سے دوچار کر دیا ،اہل خانہ ،سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
پشاور میں المناک سانحہ،سکول کی چھت منہدم ،34بچے،خاتون ٹیچر شہید،اجتماعی نما ز جنازہ


















