لاہور (کرائم رپورٹر) گڑھی شاہو کے علاقے علامہ اقبال روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں میاں، بیوی اور ان کے کمسن بیٹے سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق تیز رفتار 22ویلر ٹرالر ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور گاڑی کے مختلف حصوں کو کاٹ کر لاشیں نکالیں۔ تینوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ڈیڈ ہاﺅس منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد عاصم، ہما عاصم اور طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ شاہ جمال اچھرہ کے رہائشی تھے۔دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے افسوسناک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔سی ٹی او نے ذمہ داران کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بھی واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ٹریلر ڈرائیور و دیگر عملے کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسوسناک واقعہ کا موجب بننے والے ٹریلر ڈرائیور ودیگر عملے کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دوسری جانب تھانہ گڑھی شاہو میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ جاں بحق ہونے والے شخص کے بیٹے محمد بن عاصم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں ٹرالر کے ڈرائیور کی غفلت، لاپرواہی اور تیزرفتاری کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
تیزرفتار ٹریلر نے سگنل پر کھڑی کار کو کچل ڈالا، ایک خاندان کے 3 افراد جاں بحق



















