لاہور:(خبر نگار)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاوہی سیاستدان ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے،سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے ایسے سیاستدانوں کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن غیر شائستہ زبان ،الزام تراشی کی بجائے دلائل ،حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہابعض سیاسی رہنماوں کو سابق فاٹا کے وسائل کے معاملے پر بہت تشویش ہو رہی ہے، کئی سال تک سابق فاٹا کے اضلاع کو جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو خاموش کیوں رہے، تب عوام کے حقوق کےلئے کوئی بیان دینا کیوں یاد نہیں آیا؟ ،سابق فاٹا کے عوامی حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا خیبرپختونخوا کوسنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ،سیاسی رہنما آگ بھڑکانے ،انتشار پھیلانے کی بجائے امن و امان کی بحالی ،دہشتگردی کے خاتمے کےلئے اپنا کردار ادا کریں،صوبے کوسیاسی محاذ آرائی نہیں ،امن، استحکام اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
گورنر راج میں حصہ نہ ملنے پر سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں،وزیر داخلہ


















