پنجاب ، ایک سال میں 4 لاکھ مویشی تیار، لائیوسٹاک برآمدات میں 43 فیصد اضافہ

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے اعلامیہ کے مطابق صوبے میں لائیوسٹاک کے شعبے میں ایک سال کے دوران 4 لاکھ مویشی تیار کئے گئے جبکہ دیہی فارمرز نے اربوں روپے کا منافع حاصل کیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے ہر فارمر کو فی مویشی 27 ہزار روپے منافع ہوا۔

اعلامیہ کے مطابق پنجاب میں 8 ایف ایم ڈی کمپارٹمنٹ نوٹیفائی کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید 7 کمپارٹمنٹ رواں سال بنائے جائیں گے۔ ان کمپارٹمنٹس کے قیام سے پنجاب سے مویشیوں کی چین، یورپ اور امریکہ کو برآمدات کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

پنجاب سے اینیمل ایکسپورٹ میں 43 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ لائیوسٹاک کارڈ کے تحت 129,581 مویشی برآمد کئے گئے۔ مختلف شہروں سے برآمد کیے جانے والے مویشیوں میں لاہور سے 20 ہزار، بہاولپور سے 24,297، فیصل آباد سے 12,529، گوجرانوالہ اور گجرات سے 21 ہزار، ملتان سے 27 ہزار، سرگودھا سے 22 ہزار اور ساہیوال سے 2,661 مویشی شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پنجاب میں 5 میٹ پراسیسنگ پلانٹس اور 5 جدید سلاٹر ہاوسز قائم ہوں گے۔ اس کے علاوہ میٹ پیکنگ ہاوسز، کمرشل سکیل فیڈ لاٹس اور کارپوریٹ فیڈ لاٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب لائیوسٹاک کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کیلئے 19 ارب روپے کی فنانسنگ سبسڈی دے گی، جبکہ میٹ ویلیو چین کیلئے 65 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایف ایم ڈی ویکسین کی تیاری کا یونٹ قائم کیا جائیگا جس میں 28 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری ہوگی۔ لائیوسٹاک کنیکٹ سسٹم کے تحت 1,725 فیٹننگ فارمز، 20 ایکسپورٹ مذبح خانوں، 88 میٹ ایکسپورٹرز اور 34 میٹ ٹریڈرز سے براہ راست رابطے کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا سے پنجاب میں دیہی خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 ہو گئی ہے۔