انتخابی اصلاحات ،وزیراعظم نے اپوزیشن کو کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)انتخابی اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے کوششیں تیز ،حکومت نے اگلے انتخابات شفاف بنانے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مذاکرات کیلئے آمادہ ہو گئے اور اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی ،20 رکنی پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن کے 5اراکین شامل کئے جائیں گے،وزیراعظم نے اپوزیشن سے پارلیمانی کمیٹی کیلئے اراکین کے نام طلب کرنے کی ہدایت کر دی،سپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کیلئے خط لکھیں گے۔

دریں اثناانتخابی اصلاحات پرپارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے بیرسٹر عقیل ملک نے سینٹ میں قرارداد پیش کردی،سینیٹر علی ظفر نے کہا انتخابی اصلاحات ایک گھنٹے میں کاغذ پر لکھ کر پیش کرسکتے ہیں، ووٹ کو تو ہم پھینک دیتے ہیں، لگ رہا ہے مذاق کر رہے ہیں،بیرسٹر عقیل ملک نے کہا وزیراعظم نے بیٹھنے کی دعوت دی، 2018 میں بھی تحفظات تھے،اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ملک کے سسٹم کی پہلی اینٹ غلط رکھی گئی ، ایک ووٹ بھی کسی نے چھینا تومجرم ہے، ریاست سے کھلواڑ انہوں نے کیا جنہوں نے الیکشن لوٹا، کیا پاکستان میں معیشت برباد نہیں، سیاسی بحران نہیں، اچانک بل لاکر پاس کرایا جاتا ہے۔