مہمند (مشرق نیوز) مہمند میں نامعلوم فراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ہاشم کور پولیس چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظہور اور عربی کے نام سے ہوئی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمند میں پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کی اور کہا کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
مہمند: تحصیل پنڈیالی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید


















