سوتے وقت فون تکئے کے پاس رکھنے سے ذہنی سکون متاثر ہونے کا خدشہ

نیویارک (مشرق نیوز) اگر آپ بھی رات کو سوتے وقت اپنا موبائل فون تکیے کے قریب یا بستر پر رکھتے ہیں تو اپنی اس عادت پر نظرثانی کریں۔ماہرین کے مطابق رات کے وقت موبائل فون کا مسلسل استعمال، سکرین کی روشنی اور نوٹیفکیشنز نیند کے معیار کو متاثر کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فون قریب رکھنے سے کالز، پیغامات اور نوٹیفکیشنز چیک کرنے کی عادت برقرار رہ سکتی ہے جس سے ذہنی سکون متاثر اور نیند میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔ بعض افراد 8 گھنٹے سونے کے باوجود صبح تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔

اسی طرح موبائل کی نیلی روشنی بھی نقصان دہ ہوسکتی ہے. رات کے وقت موبائل سکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی جسم کے قدرتی نیند کے نظام اور نیند سے متعلق ہارمون میلاٹونن کی پیداوار کو متاثر کرسکتی ہے۔ اس وجہ سے سونے میں تاخیر اور نیند کے معیار میں کمی آسکتی ہے۔

تحقیقی مطالعات میں بھی سونے سے پہلے موبائل استعمال کرنے اور نیند متاثر ہونے کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ ماہرین کے مشورے کے مطابق نیند کو بہتر بنانے کیلئے چند احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکتی ہیں:

سوتے وقت موبائل فون تکئے کے بجائے بیڈ سے کچھ فاصلے پر رکھیں۔

سونے سے کم از کم 30 منٹ پہلے موبائل استعمال کرنا بند کردیں۔

رات کے وقت غیر ضروری نوٹیفکیشنز بند رکھیں۔

سونے کے کمرے میں روشنی اور شور کم رکھیں۔

موبائل کو الارم کے طور پر استعمال کرنا ہو تو اسے بیڈ سے دور کسی مناسب جگہ پر رکھیں۔