جلد پاکستان آونگا، فیفا کے صدر کا وزیراعظم شہبازشریف سے وعدہ

ڈیووس (مشرق نیوز) فیفا کے صدر جیانی ان فینٹینو نے جلد پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں سائیڈ لائنز پر دیے گئے ایک انٹرویو میں جیانی انفینٹینو نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان آنے کا وعدہ کیا تھا۔ جیانی ان فینٹینو نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جو نئے صدر آئے ہیں وہ زبردست کام کررہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کو فٹ بال کا ایک عظیم ملک قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہمیں اس کو آگے بڑھانا ہے اور ایشیا کی صف اول کی فٹ بال ٹیموں میں شامل کرنا ہے۔ فیفا کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹ بال کے کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ہر ٹیلنٹڈ کھلاڑی کو ضرور موقع دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ فیفا اور پاکستان کے تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ گزشتہ ماہ فیفا نے پاکستانی قانون ساز سیدہ آمنہ بتول کو اپنی انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی میں شامل کیا، جو دونوں فریقین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا واضح ثبوت ہے۔