ایرانی پاسداران انقلاب کی مشقیں شروع،معاہدہ مشکل ہے، مارکو روبیو

تہران،واشنگٹن (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) امریکی میڈیا کے مطابق دسمبر میں فلوریڈا میٹنگ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ایران سے ڈیل نہ ہو سکی تو بیلسٹک میزائل پروگرام پر حملوں کی حمایت کریں گے۔

دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کےساتھ جاری جوہری معاہدے کے کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے کو بہت مشکل قرار دیتے ہوئے کہاامریکہ سفارتی کاری کے ذریعے ایران کےساتھ ایسے معاہدے کےلئے تیار ہے جو خدشات کو دور کرسکے تاہم غیر ضروری خوش فہمی کا مظاہرہ نہیں کرسکتا،ماضی میں بھی حقیقی و پائیدار معاہدے کرنا مشکل رہااب بھی حالات بہت حوصلہ افزا نہیں ۔

دوسری جانب ایرانی چیف آف سٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے تہران کےساتھ لڑائی ٹرمپ کیلئے ناقابل فراموش سبق ہوگا،امریکی صدر کے غیر محتاط بیانات سربراہ مملکت کے شایان شان نہیں، ٹرمپ جنگ کا ارادہ رکھتے تو مذاکرات کی بات کیوں کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ایرانی پاسداران انقلاب بحریہ نے آبنائے ہرمز میں سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز مشقوں کا آغاز کردیا،مشترکہ مشقوں کی نگرانی و فیلڈ مانیٹرنگ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل پاکپور کررہے ہیں۔