لاہور (مشرق نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم ترین سٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والوں میں بابر اعظم سرفہرست ہیں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران بابر اعظم کی پریکٹس سیشن اور میچ میں مختلف مائنڈ سیٹ سے بیٹنگ نے بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک نیٹ سیشن کے دوران نسیم شاہ کی شارٹ گیند کو انہوں نے مڈوکٹ کے اوپر سے کھیلا جبکہ سلمان مرزا کی آف سٹمپ سے باہر شارٹ ڈلیوری پر زوردار اپر کٹ لگایا۔
شاداب خان اور ابرار احمد کی لیگ سپن کے خلاف بھی وہ قدموں کا استعمال کرتے ہوئے شاٹس کھیلتے دکھائی دئیے۔ تاہم ایک موقع پر نسیم شاہ کی لیگ کٹر پر وہ شاٹ غلط ٹائم کر بیٹھے اور خود پر برہم بھی نظر آئے۔ یہ 20 سے 25 منٹ کا سیشن بابر اعظم کے دو رخ دکھاتا ہے۔
ایک طرف جارحانہ ارادے کی جھلک جبکہ دوسری جانب کسی میچ میں بھی نیٹ جیسی روانی نظر نہیں آئی اور وہی گیندیں میچ میں محتاط انداز سے کھیلی گئیں۔ اپنا چوتھا ٹی 20 ورلڈکپ کھیلنے والے بابر اعظم کے اعداد و شمار ان کے حق میں نہیں ہیں۔ ٹی 20 ورلڈکپ میں کم از کم 500 رنز بنانے والوں میں بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 111.81 ہے جو سب سے کم اور سابق کپتان محمد حفیظ کے سٹرائیک ریٹ کے برابر ہے۔
کپتان سلمان آغا اور کوچ مائیک ہیسن نے تجربے کی بنیاد پر ان پر اعتماد کیا ہے مگر اب بابر اعظم کو میدان میں کارکردگی سے جواب دینا ہوگا۔
بابر اعظم ٹی 20 ورلڈکپ میں سب سے کم ترین سٹرائیک ریٹ والے بیٹر



















