خطے میں نئی جنگ کے منفی اثرات،اشیائے ضروریہ مہنگی

لاہور،اسلام آباد:( کامرس رپورٹر،بیورورپورٹ)خطے میں نئی جنگ کے منفی اثرات،اشیائے ضروریہ مہنگی،پٹرولیم قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینے پر غور شروع کردیا گیا۔

خوردنی تیل ،گھی کی قیمتوں میں 200روپے تک اضافہ ،خشک مصالحہ جات، کیک، بسکٹ ،مشروبات ودیگر درآمدی اشیا بھی مہنگی ہوگئیں،دوسری جانب وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینے پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے تجاویز پر ورکنگ تیار کر کے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے قیمتیں 15 دنوں کی بجائے ہفتہ وار ریوائز کرنے کی تجویز دےدی،پٹرول ،ڈیزل کی قیمتیں انٹرنیشنل مارکیٹ کی مسابقت سے ایڈجسٹ کی جائیں گی،وزیراعظم معاشی ٹیم کی مشاورت سے قیمتوں کو ریوائز کرنے کا فیصلہ کریں گے، صورتحال سنگین رہنے کی صورت میں وفاقی حکومت کی جانب سے جلد فیصلہ متوقع ہے۔

ادھر وزیرخزانہ سینیٹر اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی عالمی قیمتوں و سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،شرکا کو بتایا گیا آبنائے ہرمزکی بندش کے بعد تیل کی ترسیل متاثر ہوئی، پی ایس او نے پٹرول،ڈیزل کے نئے درآمدی ٹینڈرز جاری کردیئے،اجلاس میں ذخیرہ اندوزی ،سمگلنگ روکنے کیلئے سخت نگرانی کا بھی فیصلہ کیا گیا، توانائی کی بچت کیلئے ورک فرام ہوم کی تجویز بھی زیر غور ہے، مختلف تجاویز پر مبنی سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔