اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پاونڈ کیس میں سزاوں کیخلاف عمران،بشری کی اپیل پر سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا، نیب کی متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے ۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ،جسٹس آصف سماعت نے کی،نیب سپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت میں موقف اختیار کیا درخواست کے قابل سماعت ہونے پر متفرق درخواست دائر کی گئی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا سپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں موجود کیوں نہیں ؟ دلائل دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی کو کسٹڈی میں رکھ کر ایک آنکھ ضائع کررہے، دوسری کا بھی ارادہ ہے۔
بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا رمضان میں قیدی کو رہا کرنا ثواب کا کام ہے، عدالت نے کہا بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے نیب پرجرمانہ عائد کرنے کی استدعا کررکھی ہے،سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
علاوہ ازیں190 ملین پاونڈ کیس میں عمران،بشریٰ کی سزا معطلی درخواست ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست دائر کر دی گئی ،دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی شفا ہسپتال منتقلی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کیس پر سماعت کی، وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا رجسٹرار آفس نے کچھ اعتراضات لگائے ، عدالت آئندہ ہفتے کیس لگا دے ، اعتراضات دور کر دیتے ہیں،جسٹس انعام امین منہاس نے کہا آپ کی جانب سے مختلف درخواستیں ایک ہی طرح کی دائر ہوئیں ،رجسٹرار آفس سے پوچھ لیتے ہیں اس طرح کی کتنی درخواستیں زیر التوا ہیں، عدالت نے رجسٹرار آفس کو رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
190ملین پاونڈ کیس،سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کوجرمانہ



















