پاسپورٹ کے اجراءپر مبینہ پابندیاں، معیشت کو خطرات، اوورسیز کا شدید احتجاج

نیویارک (خواجہ فاروق) پاسپورٹ کے اجراءپر مبینہ پابندیاں، معیشت کو خطرات، اوورسیز کا شدید احتجاج، اعلیٰ ریاستی قیادت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا۔ رپورٹ کے مطابق بیرون ملک خصوصاً امریکہ، یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے وزارت داخلہ کی پالیسیوں پر شدید تحفظات اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں افراد نے بیرون ملک سے آن لائن پاسپورٹ کی تجدید اور اجراءکیلئے درخواستیں جمع کرائیں جن میں گرین کارڈ ہولڈرز اور سیاسی پناہ لینے والے پاکستانی بھی شامل ہیں مگر مبینہ طور پر درخواستوں پر کارروائی روکدی گئی، اس اقدام سے وہ شدید ذہنی اذیت و بے یقینی کا شکار ہیں جبکہ متعلقہ ویب سائٹس تک رسائی میں مشکلات نے پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔ نیویارک میں مقیم پاکستانی شہری نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید نہ ہونے سے پاکستان میں والد کے جنازے میں شرکت نہیں کرسکا۔ ایک اور شہری نے کہا کہ والدہ شدید علیل ہیں، عید کے موقع پر تیمارداری کیلئے وطن جانا چاہتا ہوں مگر درخواست دینے کے باوجود پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔ اوورسیز کمیونٹی نے کہا کہ ہم محنت مزدوری کرکے قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیج کرملکی معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد مجروح ہوا تو اثرات براہ راست ملکی معیشت اور عالمی ساکھ پر مرتب ہو ں گے۔ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے پاسپورٹ اجراءکا عمل فوری بحال کیا جائے۔ دیارغیر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ ریاستی قیادت معاملے میں ذاتی مداخلت کرے اور فوری نوٹس لیکر مسئلے کا حل نکالے، انہوں نے متبنہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان کی معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکومت شہید بھٹو کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرے تاکہ بلا خوف و رکاوٹ وطن آجاسکیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھ سکیں۔