ایران کے راستے برآمدات کےلئے بینک گارنٹی ، لیٹر آف کریڈٹ شرط معطل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت کابڑا اقدام، ایران کے راستے برآمدات کےلئے بینک گارنٹی ، لیٹر آف کریڈٹ کی شرط سے عارضی استثنیٰ مل گیا۔

وزارت تجارت کی جانب سے ایران ، وسطی ایشیائی ریاستوں کےلئے برآمدات پر فنانشل انسٹرومنٹ سے عارضی استثنیٰ منظور کرلیا گیا، زمینی راستے کے ذریعے ایران، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات کی اجازت دےدی گئی،3 ماہ کےلئے خصوصی رعایت 24 مارچ سے 21 جون تک نافذ لعمل ہوگی۔

وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور علاقائی تجارت بڑھانے کےلئے قدم اٹھایا،ایران کو چاول، سمندری خوراک، آلو، گوشت، پیاز، مکئی، پھلوں سمیت متعدد اشیاءبرآمد کی اجازت ہوگی جبکہ فارماسیوٹیکل مصنوعات ، ٹینٹس کی برآمد بھی رعایت میں شامل ہیں،سٹیٹ بینک کے ضوابط سے جزوی استثنیٰ حاصل ہوگا، برآمدی آمدن مقررہ مدت میں واپس لانے کی شرط برقرار ہے۔

وزیر تجارت جام کمال نے کہا حکومت برآمدات کے فروغ اور تاجروں کی سہولت کےلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی، حکومت علاقائی رابطوں، تجارتی حجم میں اضافے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،برآمدات میں اضافہ کر کے ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جائیں گے۔