آئی ایم ایف کی شرط، شوگر سیکٹر کو بھی ڈی ریگولیٹ کرنے کا پلان تیار


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی شرط،شوگر سیکٹر کو بھی ڈی ریگولیٹ کرنے کا اصولی فیصلہ ،پلان تیار کرکے منظوری کےلئے وزیراعظم کو پیش کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شوگر ملز کے لائسنس، امپورٹ ،ایکسپورٹ سمیت ہر شعبہ ڈی ریگولیٹ ہوگا، تمام صوبے راضی،سندھ کی سفارشات موصول ہونا باقی ہیں،وزارت صنعت و پیداوار کے پیش کردہ پلان میں کسانوں کے تحفظ ، کارٹلائزیشن کی روک تھام کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کی تجویز شامل ہے۔

کسانوں کو گنا کاشت کرنے کی مکمل آزادی ، کسی زون یا اقسام کی پابندی نہیں ہوگی،کسان کسی بھی شوگر مل کو گنا فروخت کرنے یا گڑ بنانے میں آزاد ہوگا،گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ کرے گی، 8ماہ بند رہنے والی شوگر ملز باہر سے خام مال منگوا کر چینی بنا سکیں گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت چینی کی برآمد پر کوئی سبسڈی نہیں دے گی، ملک میں نئی شوگر مل لگانے پر پابندی بھی ختم کر دی جائے گی،کسانوں کو نقصان کےلئے ممنوعہ گنے کی اقسام کی فہرست بوائی سے قبل جاری کرنے کی تجویز ہے، شوگر ملز کو باہر سے خام مال منگوا کر چینی تیار کر کے برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔