اسلام آباد،لاہور،کراچی:(بیورورپورٹ،خبر نگار) پٹرول بم کے آفٹرشاکس،جیٹ فیول بھی مہنگا، ٹرانسپورٹ 30،مال برداری کے کرایوں میں 70 فیصد تک اضافہ،آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دےدی۔
جیٹ فیول کی قیمت مزید40روپے لٹر اضافے کے بعد 517.17روپے کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچی، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافے کا امکان ہے،دریں اثنا سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن سے کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایہ 65فیصد بڑھانے کافیصلہ واپس لیتے ہوئے 25سے 20فیصد اضافے پر اتفاق کرلیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق نئے اضافے کے تحت کرایہ نامہ دوبارہ مرتب کیا جائے گا ،آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی فیصلے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
ادھر گڈز ٹرانسپورٹرز نے مختلف شہروں کے درمیان مال برداری کے نرخ 70 فیصد تک بڑھا دئیے ، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر نبیل محمود طارق ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے و آپریشنل اخراجات بڑھنے کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا، موجودہ حالات میں گاڑیوں کی دیکھ بھال، ٹول ٹیکس، پرزہ جات اور ڈرائیورز کی اجرت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پرانے کرایوں پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو اشیائے ضروریہ کی ترسیل مزید مہنگی ہو جائے گی ،براہ راست بوجھ عام شہری پر پڑے گا،حکومت قیمتوں میں فوری کمی کرے بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے کرائے بڑھانے کیلئے ہڑتال کی دھمکی دےدی،عبداللہ آفریدی نے کہا کسی بھی آئل ٹینکر کو لوڈ نہیں کیا جائے گا، موجودہ کرایوں میں کام کرنا ممکن نہیں، شدید مالی نقصان کا خدشہ ہے، نقصان سے بہتر ہے گاڑیاں کھڑی رکھیں،آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کا امکان ہے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال و احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔
پٹرول بم کے آفٹرشاکس،جیٹ فیول ،ٹرانسپورٹ کرائے بھی مہنگے



















