فضائی ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، PIA کی بیجنگ، کوالالمپور، خلیجی ممالک کیلئے پروازیں معطل

کراچی، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فضائی ایندھن کی بڑھتی قیمتیں،پی آئی اے نے بیجنگ، کوالالمپور، خلیجی ممالک کیلئے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا، اعلیٰ سطح اجلاس میں ادارے میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ نقصانات کے سدباب کےلئے منصوبہ ترتیب دیا گیا، اجلاس میں پی آئی اے نے تمام ڈسکاو¿نٹ ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو رعایت حاصل رہے گی،ترجمان کے مطابق پی آئی اے اپنا بیجنگ ، کوالالمپور آپریشن بھی بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کررہی ہے، خلیجی ممالک (ماسوائے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب) کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جارہی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جارہا ہے، انتظامیہ نے فیصلہ مہنگے جیٹ فیول کے چوتھی بار اضافے کے تناظر میں کیا ہے، ایندھن کی قیمتوں کا تمام بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا جاسکتا ، امید ہے بین الاقوامی سطح پر قیمتیں جلد معمول کے سطح پر آجائیں گی جس کے بعد تمام متاثرہ روٹ بحال کردیئے جائیں گے۔