لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز کی انتھک محنت، عوامی خدمت کے جذبے نے صوبے میں گڈ گورننس کے نئے معیارات قائم کر دیئے ، حالیہ سروے میں 69فیصد عوام کا کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ثبوت ہے پنجاب کے لوگ اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہےں،ماضی میں حکومتیں 5سال میں بھی 100منصوبے مکمل نہیں کر پاتی تھیں لیکن مریم نواز نے محض ایک سال کے مختصر عرصے میں نہ صرف 100 سے زائد منصوبے شروع کیے بلکہ سے نصف سے زائد فعال ہو چکے،ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کے وسائل پہلے بھی اتنے ہی تھے مگر اب رخ درست سمت میں موڑ کر براہ راست عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے،سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کا کلچر ختم کر دیا،برتھ ،ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت دیگر ضروری سہولیات دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں،بڑے ہسپتالوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،نئی میٹروز ،گرین بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں، اپریل کے آخر تک 100نئی بسیں فلیٹ میں شامل ہوں گی ،مئی کے آخر تک مزید 400بسوں کا اضافہ کیا جائے گا، پنجاب کا کوئی ضلع گرین ٹرانسپورٹ سے محروم نہیں رہے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا زرعی شعبے کےلئے اربوں کا تاریخی پیکیج لایا گیا ،آئی ایم ایف پروگرام کی پابندیوں کے باوجود کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے،ایک طرف مریم نواز میٹروز، بسیں ، مفت ادویات کی گھروں تک فراہمی جیسے منصوبے چلا رہی ہیں تو دوسری طرف کچھ لوگوں کے مقدر میں صرف دھرنے، رونا دھونا اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا لکھا ہے، استحکام و ترقی کے علمبردار ہیں، پنجاب کی ترقی کا سفر سازشوں سے نہیں رکے گا، کسی بھی طبقے بالخصوص معذور افراد کو سبسڈی سے محروم نہیں رکھا گیا۔
کچھ لوگوں کے مقدر میں صرف رونا دھونا ،دھرنے اور سازشیں ہیں، عظمیٰ بخاری



















