لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کیساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ 4 نئے کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
سکواڈ میں شامل 5 کھلاڑی لاہور میں جاری این سی اے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں، قومی ٹیسٹ سکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کریگا جبکہ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ قومی ٹیم کا کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا اور ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگی۔
سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلہ دیش ٹور کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق اور عمر گل بیٹنگ اور بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل،عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد سکواڈ کا حصہ ہیں۔
محمد عباس، محمد رضوان،غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں ہوگا اور یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، 4 نئے کھلاڑی شامل



















