لائٹ ڈیزل 70.04،جیٹ فیول 23.59روپے سستا ،کرایوں میں6فیصد کمی

اسلام آباد،لاہور،کراچی: (بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں نرخ نیچے آتے ہی عوام کو ریلیف کی فراہمی شروع، لائٹ ڈیزل اور جیٹ فیول بھی سستا کردیا گیا۔

حکومت نے لائٹ ڈیزل 70.04،جیٹ فیول کی قیمت میں 23.59روپے لٹر کمی کردی ،نئے نرخ 299.32 اور471.01 روپے لٹر مقرر کردئیے گئے۔

دوسری جانب پنجاب کے اندرٹرانسپورٹ کرایوں میں 6 فیصد تک فوری کمی کردی گئی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کہانئے کرایوں کی لسٹ جاری کرانے کا حکم دےدیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جلد مزید کم ہوں گی۔

ادھر گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار کردیا،صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے ،گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے برقرار رہیں گے،جنگی حالات کی وجہ سے ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ کاکاروبار نہ ہونے کے برابر ہے،ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کی طرف سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، ملک کے وسیع تر مفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں،ڈیزل کی قیمت مزید کم ہونے کے بعد کرائے نیچے لائیں گے۔