لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نیورو کے مریضوں کی سہولت کی خاطر بنیادی اقدامات جاری ہیں،راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی طرز کے سٹیٹ آف دی آرٹ نیورو سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا جس میں مختلف اضلاع کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں نیورو کی سہولیات میں مزید بہتری اور نئے خصوصی نیورو سنٹرز کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں نیورو کے مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی طرز کے اسٹیٹ آف دی آرٹ نیورو سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد نیورو کے مریضوں کو ان کے متعلقہ اضلاع میں بہترین سہولیات کی فراہمی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی کوشش کر رہے ہیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں مریم نواز میڈیکل کالج میانوالی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا جس میں متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر صحت کو جاری پیشرفت پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ میڈیکل کالج کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب میانوالی میں 400 ملین کی خطیر رقم سے میڈیکل کالج بنا رہی ہے۔ پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں 475 سیٹوں میں اضافہ انتہائی خوش آئند ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ صحت کے شعبہ میں اربوں روپوں کے تاریخی و انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی کوشش کر رہے ہیں۔صوبہ بھر میں نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے پرنسپل و متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کیساتھ ملکر میڈیکل کالج کے فرنیچر، کلاس رومز اور ہوسٹلز کے قیام کو یقینی بنائیں تاکہ میڈیکل کے طالب علموں کے پہلے بیچ کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نیورو کے مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: سلمان رفیق


















