لاہور (نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 2026ءکیلئے انتخابی مہم میں تیزی آنے کے ساتھ مختلف گروپوں اور امیدواروں کی جانب سے ووٹرز سے رابطوں، مارکیٹوں کے دوروں، اجلاسوں، عشائیوں، بینرز، پوسٹرز اور سوشل میڈیا مہم کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انتخابی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور پرامن رکھنے کیلئے امیدواروں اور گروپوں پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی لازم قرار دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کو ووٹرز سے براہ راست رابطہ، کاروباری تنظیموں اور مارکیٹوں میں ملاقاتیں، منشور اور انتخابی ترجیحات پیش کرنے اور اپنی کارکردگی سے آگاہ کرنے کی اجازت ہے، تاہم کسی ووٹر پر دباو ڈالنے، دھمکی دینے، زبردستی حمایت حاصل کرنے یا انتخابی عمل کو متاثر کرنے والی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی انتخابی مہم کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز کی تنصیب، مقامات اور تشہیری مواد کے بارے میں الیکشن کمیشن کی مخصوص ہدایات پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ غیر مجاز مقامات پر تشہیری مواد لگانے، چیمبر کی عمارت یا املاک کو کسی امیدوار یا گروپ کی ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کرنے اور ایسا مواد آویزاں کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے جس سے انتخابی ماحول خراب ہوذرائع کے مطابق امیدواروں کو انتخابی اجلاس اور ملاقاتیں منعقد کرنے کی اجازت ہے، تاہم ان اجتماعات میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اور مخالف امیدواروں یا گروپوں کے خلاف توہین آمیز، اشتعال انگیز یا جھوٹے الزامات سے گریز ضروری ہے۔ انتخابی سرگرمیوں کے دوران کاروباری برادری کے باہمی احترام اور چیمبر کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھنا بھی ضابطے کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر انتخابی مہم کے حوالے سے بھی امیدواروں اور گروپوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انتخابی منشور، امیدوار کا تعارف، کارکردگی، انتخابی سرگرمیوں اور ووٹ کی اپیل پر مبنی مواد نشر کیا جا سکتا ہے، تاہم جعلی خبریں، گمراہ کن معلومات، جعلی اکاونٹس، مخالف امیدوار کی کردار کشی یا ایسے مواد کی تشہیر سے گریز لازم ہے جو ووٹرز کو گمراہ یا انتخابی ماحول کو کشیدہ کرے ذرائع کے مطابق ووٹرز سے رابطے کے دوران ووٹ کی رازداری اور آزادانہ حق انتخاب کا احترام بنیادی اصول ہے۔ کوئی امیدوار یا گروپ ووٹر سے اس کے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے، ووٹ دکھانے یا کسی مخصوص امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے غیر قانونی دباو ڈالنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ پولنگ کے موقع پر خفیہ بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا لاہور چیمبر کے الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کو شفاف، پ±رامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں میں انتخابی عمل کی نگرانی، ووٹر لسٹ سے متعلق معاملات، پولنگ کا نظم و ضبط، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان شامل ہے دوسری جانب انتخابی مہم میں مختلف گروپوں کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ امیدوار مارکیٹوں اور تجارتی تنظیموں کے دورے کر رہے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر اجلاس، ملاقاتیں اور انتخابی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی امیدواروں کی تصاویر، منشور، انتخابی پیغامات اور ووٹ کی اپیلیں مسلسل جاری ہیںتاہم انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے شکایات، جاری کئے گئے نوٹس اور کسی امیدوار کے خلاف کارروائی کی مکمل تفصیلات تاحال باضابطہ طور پر منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔ کاروباری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام امیدواروں اور گروپوں کیلئے انتخابی مہم کے قواعد واضح طور پر جاری کئے جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ انتخابات کی شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھ سکے تاجر حلقوں کا کہنا ہے کہ لاہور چیمبر ملک کی بڑی کاروباری نمائندہ تنظیموں میں شامل ہے، اسلئے اس کے انتخابات میں انتخابی مہم کا معیار بھی مثالی ہونا چاہیے۔ امیدواروں کو چاہیے کہ وہ ذاتی تنقید کے بجائے معیشت، صنعت، تجارت، ٹیکس اصلاحات، برآمدات، توانائی، کاروباری لاگت اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل پر اپنی پالیسی اور منشور پیش کریں تاکہ ووٹرز بہتر فیصلہ کر سکیں۔
لاہور چیمبر انتخابات،امیدواروں کو انتخابی مہم ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ہدایت

















