پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: چوہدری شافع حسین

چانگشا (شنہوا) وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہنان کی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کا موثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتاہے جبکہ زرعی مشینری، معدنیات، مینوفیکچرنگ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے چانگشا میں منعقدہ ہنان انٹرپرائزز گوئنگ گلوبل انوسٹمنٹ کوآپریشن میچ میکنگ کانفرنس سے کلیدی خطاب کرتے ہو کہی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق میچ میکنگ کانفرنس میں تقریباً 20 ممالک اور خطوں سے 120 سے زائد حکومتی و کاروباری نمائندوں، جبکہ ہنان کی 150 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے بین الاقوامی صنعتی صلاحیت میں تعاون اور اعلیٰ سطح کی اوپننگ اپ کےلئے نئے مواقع تلاش کئے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ہنان کے شہر لاو¿دی اور پنجاب کے شہر گجرات نے 2026 ہنان انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز اکنامک اینڈ ٹریڈ ایکسچینج ایونٹ اینڈ کوآپریشن ڈائیلاگ کے دوران سسٹر سٹی شراکت داری کیلئے باضابطہ طور پرلیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے۔ یہ تقریب چانگشا میں فرینڈشپ سٹیز امپاور دی نیو اکانومی، چارٹنگ دی فیوچر آف بزنس کوآپریشن کے موضوع کے تحت منعقد ہوئی، جبکہ میچ میکنگ کانفرنس بھی اسی پروگرام کا حصہ تھی۔رپورٹ کے مطابق دستخط کی تقریب میں پاکستان کی طرف سے نمائندگی کرنے والے وزیر شافع حسین نے کہاکہ اس منصب پر اپنی دو سالہ مدت کے دوران یہ میرا چین کا چھٹا دورہ ہے۔ میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیتا رہا ہوں اور ذاتی طور پر متعدد فیکٹریوں کا دورہ بھی کیا ہے۔ میں نے اہم کاروباری اداروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ پلانٹس قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔رپورٹ کے مطابق وزیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی مجموعی آبادی کا 60 فیصد حصہ رکھتا ہے اور یہاں لائیو سٹاک کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں جہاں مویشیوں کی 45 نسلیں پائی جاتی ہیں، انہوں نے سیاحت، جراحی کے آلات، پنکھوں کی تیاری، سیرامکس اور دستکاری کے شعبوں کو بھی سرمایہ کاری کیلئے اہم قرار دیا۔ انہوں نے ہنان کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے اور مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی۔شافع حسین کے پیغام کو ہنان کی بیرونِ ملک بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے حجم سے بھی تقویت ملتی ہے۔ صوبائی اعداد و شمار کے مطابق ہنان کی کمپنیوں نے 115 ممالک اور خطوں میں سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ ان کے بیرونِ ملک اثاثوں کی مالیت 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، صوبے نے بیرونِ ملک سرمایہ کاری اور تعاون کیلئے آٹھ اہم شعبوں میں نمایاں صلاحیتیں پیدا کی ہیں جن میں زراعت، تعمیراتی مشینری، ریل ٹرانزٹ، توانائی و بجلی، بایومیڈیسن، ہلکی صنعت، معدنی وسائل کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شامل ہیں۔ہنان کی وہ کمپنیاں جو بیرونِ ملک اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینا چاہتی ہیں، ان کیلئے پنجاب کی صنعتی اور زرعی ضروریات، سی پیک کا فریم ورک اور حال ہی میں قائم ہونے والے سسٹر سٹی تعلقات مینوفیکچرنگ، زرعی مشینری اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کیلئے ایک عملی راستہ فراہم کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق آزادانہ میچ میکنگ سیشن کے دوران پاکستان سمیت مختلف ممالک کے حکومتی و کاروباری نمائندوں نے ہنان کے کاروباری نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ مذاکرات میں تعمیراتی مشینری، ریل ٹرانزٹ، توانائی و بجلی، بایومیڈیسن اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔