نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ طلبہ وطالبات پاکستان کے معمار بنیں، پاکستان کا نام روشن کریں اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے ملک کو خود کفیل بنائیں، زندگی میں کامیاب وہی ہوتا ہے جو سوچ کے مثبت زاویے اپنائے،کبھی کسی ناکامی کو اپنے سفر کے راستے کی رکاوٹ نہ بنائیں اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھتے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کے ”آپا نثار فاطمہ“آڈیٹوریم ہال میں گوجرانوالہ بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ 2026ءکے سالانہ نتائج کا اعلان کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری انوار الحق، چیئرمین گوجرانوالہ بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب خان، وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور پوزیشن ہولڈر طلباءسمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں گوجرانوالہ ڈویژن کے پوزیشن ہولڈر بچوں انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ کامیابی ان بچوں کے اندر مزید محنت کرکے آگے بڑھنے کا جزبہ پیدا کرے گی اس طرح محنت کرکے مستقبل میں خود کو اور اپنے پیارے وطن کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنا آپ کا فرض ہے۔دنیا تیز رفتار سے بدل رہی ہے،آج کی دنیا جدت اور انوویشن کی دنیا ہے آج کی دنیا میں رٹے کی کوئی جگہ نہیں۔خود میں کریٹیکل تھنکنگ اور سوال کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔مستقبل میں پرابلم سالونگ تھنگز اور کریٹیکل تھنکنگ آپ کو کامیاب کرے گی۔خود کو ڈگری کے حصول کی بجائے مستقل بنیادوں پر لائف لانگ لرنر بنائیں تاکہ آپ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق پرفارم کرسکیں۔اپنے علم کو دنیا میں ہونے والی نئی تحقیق کے ساتھ ہمیشہ جوڑتے رہیں ورنہ آپ ترقی کی دوڑ میں دنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ہم وہ امت ہیں جنہیں اللہ تعالی نے قرآن کریم کی شکل میں علم کا تحفہ دیا مگر افسوس دنیا میں علم کی دوڑ میں ہم سب سے پیچھے ہیں۔کبھی کوئی وقت تھا جب انجینئرنگ ، میڈیکل،ریاضی،فلکیات سمیت دنیا کے تمام تر علوم کے فارمولے مسلم سائنسدانوں کے قلم سے لکھے جاتے تھے۔مگر ہم نے رفت رفتہ قرآن مجید کے اس سبق کو بھلادیا اور حصول علم کی کوشش کو ترک کردیا اور دنیا میں آج بحثیت مسلمان ہم بہت پیچھے رہ چکے ہیں دنیا کی قیادت ہماری بجائے مغرب کے ہاتھ میں ہے۔آج ہم کتاب لکھنے والے کی بجاے کتاب پڑھنے والے بن گئے ہیں جب دنیا ہماری لکھی ہوئی کتابیں پڑھتے تھے تب دنیا کی قیادت ہمارے ہاتھ تھی۔نارووال 2008ءتک پنجاب کا ایک پسماندہ ضلع تھا،یہان کی بیٹیاں 1000نمبر لے کر بھی آگے اپنی تعلیم کو جاری نہیں رکھ سکتی تھیں،تب میں نے اپنے آپ سے یہ وعدہ کیا تھا کہ میں اس دھرتی کو علم کی دھرتی بناوں گا اور آج کا نارووال اعلی تعلیم کے اداروں سے بھرا پڑا ہے۔اسکو تبدیلی کہتے ہیں تبدیلی وہ نہیں جو آپ تقریروں میں سنتے ہیں۔میری دعا ہے آپ سب مستقبل کے پاکستان کے معمار بنیں اور علم و فضل کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے ملک کو خود کفیل بنائیں۔ہمارے تعلیمی اداروں کو بھی اپنے آپ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے دور کے مطابق ڈھالیں تاکہ آپ اکیسویں صدی کے تعلیمی رجحانات کے مطابق اپنے بچوں کو تیار کر سکیں۔ایک بات یاد رکھیں زندگی پھولوں کی سیج نہیں ہوتی اسلئے زندگی کے چیلنجز کو دیکھ کر پریشان ہونے کی بجائے امید کا دامن سنبھال کر جستجو اور کوشش کریں تاکہ آپ اپنی محنت سے اپنا جہان پیدا کرسکیں۔یاد رکھیں زندگی میں کامیاب وہی ہوتا ہے جو سوچ کے مثبت زاویے اپنائے،کبھی کسی ناکامی کو اپنے سفر کے راستے کی رکاوٹ نہ بنائیں اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھتے جائیں۔اپنا ٹائم ضائع کرنے کی بجائے نئی سکلز اور نئے علوم حاصل کریں۔اپنا وقت ضائع ہونے سے بچائیں اور اپنے وقت کو پروڈکٹو بنائیں اور محنت کرکے اپنا اپنے والدین اور پاکستان کا نام روشن کریں۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے گوجرانوالہ بورڈ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں اسناد پیش کیں اور میڈل پہنائے۔
نوجوان پاکستان کے معمار بنیں، ٹیکنالوجی کی دنیا میں ملک کو خود کفیل بنائیں:احسن اقبال



















