اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان کاجوابی وار،افغانستان میں حملے،دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر ، ڈرون ذخیرہ اور لانچ کرنے والے مقامات تباہ کردئیے،وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا فضائی و ڈرون کارروائیوں کے ذریعے افغان طالبان حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں 10مقامات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں ، معاون انفرسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ،ڈرونز کی لانچنگ ، ذخیرہ کرنے کے مقامات بھی شامل تھے،افغان سرزمین سے ڈرونز کے ذریعے دراندازی ملکی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور جارحیت کا سنگین و ناقابل قبول اقدام ہے۔
عطا تار ڑنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں آپریشن غضب للحق کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے افغان طالبان حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں پکتیکا، خوست اور قندھار میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں ، معاون انفراسٹرکچر کو تباہ کرتے ہوئے دکھانے کاویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا اہداف پاکستان کے اندر نہتے شہریوں کےخلاف دہشت گرد حملوں ،23ستمبر کو افغان طالبان حکومت کی جانب سے ڈرون کے ذریعے حالیہ ناکام در اندازی کی کارروائی سے منسلک تھے،پاکستان دہشتگرد پراکسیز کی جانب سے بیرونی سرپرستی، پناہ معاونت کے ذریعے لاحق کسی بھی خطرے کےخلاف اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جاری رکھے گا۔
قبل ازیں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“پر اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا پاکستان برسوں سے افغان طالبان حکومت ،رابطہ کاروں کے سامنے افغان سرزمین پر دہشت گرد پناہ گاہوں ،معاون نیٹ ورکس کی مسلسل موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے، نیٹ ورکس کے خاتمے ، پاکستان کےخلاف دہشتگردی کےلئے افغان سرزمین استعمال کرنے والوں کے خلاف قابل اعتماد ،قابل تصدیق کارروائی کرنے کی بجائے طالبان حکومت نے ڈرون کارروائیوں کے ذریعے صورتحال کو مزید بگاڑنے کا راستہ اختیار کیا،فضائی دفاعی نظام نے تمام ڈرونز کو مطلوبہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی شناخت، ٹریک و غیر موثر اورمکمل طور پر ناکام بنایا۔
عطا تارڑ نے کہااپنی خودمختاری کے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے افغانستان میں ڈرونز لانچ ،ذخیرہ کرنے کےلئے استعمال ہونے والے 10 مقامات کی مکمل نشاندہی کے بعد فضائی و ڈرون حملے کیے،حملے سوچے سمجھے، درست، متوازن اور مناسب ،صرف انہی عسکری اہداف تک محدود رہے جو پاکستان کےخلاف حملوں سے براہ راست جڑے تھے،پاکستان افغان سرزمین سے کیے جانےوالے حملوں کو ہرگز قبول یا برداشت نہیں کرے گا، چاہے دہشتگرد گروہوں کی جانب سے ہوں یا خود افغان طالبان حکومت کی جانب سے،ملکی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہاافغان طالبان کی جانب سے دھمکیاں، تردید یا ذمہ داری سے فرار کی کوششیں حقائق بدل سکتیں نہ ہی پاکستان کے اپنی سرزمین، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کے بنیادی حق کو محدود کر سکتی ہیں،پاکستان افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے پاکستان کےخلاف تمام مکروہ سرگرمیاں فوری طور پر بند اورکارروائیاں کرنے والے دہشت گرد عناصر کےخلاف موثر، ٹھوس، قابل تصدیق و مسلسل کارروائی کرتے ہوئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔
پاکستان کاجوابی وار،افغانستان میں حملے،دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا،عطا تارڑ



















