معاشی بہتری میں سیاسی و عسکری قیادت کا باہمی تعاون نہایت اہم ہے،وزیراعظم

کراچی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کو ٹیم ورک،مسلسل محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے قومی معیشت اب صنعتکاری ،برآمدات میں اضافے پر مبنی پائیدار ترقی ،روزگار پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی متقاضی ہے، معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے نجی شعبے ،سرمایہ کاروں کا کردار کلیدی ، تعمیراتی صنعت کا فروغ ملکی معیشت ، روزگار کیلئے ضروری ہے، معاشی حالات کی بہتری میں سیاسی ،عسکری قیادت کا باہمی تعاون نہایت اہم ہے،حکومت نے سنجیدگی کےساتھ طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات کو عملی جامہ پہنایا ، پاکستان دنیا کے نقشے پر طاقتور معیشت بن کر ابھرے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ گونگ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہامعیشت میں اب ترقی بالخصوص برآمدات پر مبنی گروتھ دکھانا ہوگی ، معیشت کو مشکل حالات سے نکال کر پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے وفاقی حکومت ،متعلقہ اداروں کے درمیان ہونےوالا ٹیم ورک مثالی ،وزیر خزانہ، ٹیم، متعلقہ وزرا، صوبائی وزرائے اعلیٰ و دیگر اداروں کے سربراہ مبارکباد ، تحسین کے مستحق ہیں، ٹیم نے ملکر معاشی حالات کو سدھارا ،سیاسی و عسکری قیادت عظیم شراکت داروں کے طور پر انتہائی ذمہ داری کے کام کو آگے لےکر چل رہی ہے۔

دریں اثنا اجلاس کے دورا ن وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کو دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کےلئے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے،آسان خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی ترجیح ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ماہانہ آوٹ لک رپورٹ میں ملکی معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملکی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے،معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے حکومت اصلاحات ،موثر معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی،پاکستان کو مضبوط، مستحکم ،پائیدار معیشت بنانے کےلئے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔