لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق، شہید کانسٹیبل امتیاز حسین کی والدہ کی مالی امداد سے متعلق درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ ریٹائرڈ انسپکٹر فلک شیر کی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سب انسپکٹر طارق محمود کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ سکیورٹی کانسٹیبل فواد مشتاق کی طبی مالی امداد سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن، ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔
آئی جی پنجاب سے پولیس ملازمین اور اہل خانہ کی ملاقات



















