لائیوسٹاک کارڈفیز II کا آغاز، ریکوری تناسب96 فیصد ،مریم نوازکااظہار مسرت


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)پنجاب حکومت نے لائیوسٹاک کارڈفیزI کی کامیابی کے بعد لائیوسٹاک کارڈفیز II کابھی آغاز کر دیا، وزیراعلیٰ مریم نوازنے کارڈ سوائپ کرکے لائیو سٹاک کارڈ فیز II کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔

خصوصی تقریب میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ پر خصوصی ڈاکومینٹری پیش کی گئی، لائیوسٹاک کارڈ فیز I کی ریکوری کا تناسب96 فیصد ہونے پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے اظہار مسرت کیا، وزیر لائیو سٹاک عاشق کرمانی،سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے لائیو سٹاک کارڈسکیم پرتفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے فارمرز کوہر مویشی کیلئے 27 ہزار روپے ملیں گے،لائیوسٹاک کارڈکے ذریعے ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر وغیرہ بلاسود قرض پر حاصل کیا جاسکے گا،کارڈ فیز ٹو کے ذریعے 2 سال میں 6 لاکھ مویشیوں کی متوازن غذا سے گوشت کی پیداوار میں بڑھوتری کا ہدف حاصل کیا جائیگا،لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے ذریعے فارمرز کو 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے ملیں گے،لائیوسٹاک فارمرزاصل زر ادا کرے گا، سود حکومت پنجاب دے گی،لائیوسٹاک فارمرزکارڈ کیلئے آن لائن پورٹل پر سیلف رجسٹریشن کی سہولت،24گھنٹے ہیلپ لائن 080009211قائم کردی گئی۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہائپر سانک بیلسٹک میزائل فتح 2 توسیعی رینج کے شاندار تجربے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہائپر سانک بیلسٹک میزائل فتح 2 توسیعی رینج کاکامیاب تجربہ سائنسدانوں ، انجینئرز کا قابل فخر کارنامہ ہے۔