بیرسٹر گوہر کا عمران خان کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے اظہار لاتعلقی

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے عمران خان کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ بند کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری کی درخواست پر سماعت کی جس دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری، شمسہ کیانی اور این سی سی آئی اے حکام بھی عدالت پیش ہوئے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ذاتی طور پر نہیں بلایا تھاصرف تحریری جواب بھجوا دیتے، چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس اکاونٹ کوکلیم نہیں کرتی۔

بیرسٹرگوہر نے استدعا کی کہ حالات تبدیل ہوگئے ہیں، کچھ وقت دیاجائے، جواب جمع کرا دیں گے، جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ کو وقت دیتے ہیں جوکہنا ہے تحریری طور پر جمع کرائیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالت کچھ زیادہ وقت دے تو تفصیلی جواب جمع کرادیں گے، عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔