پاکستان سعودی خودمختاری و سلامتی کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مکہ معاہدہ ،دفاعی اتحاد دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل ،پاکستان سعودی عرب کی سلامتی و خودمختاری کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

شہبازشریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے مہمان کا خیر مقدم کیا،نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہاحالیہ برسوں میں پاکستان ،سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ۔

وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کیلئے موجودہ ادارہ جاتی میکانزم کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاحوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے،پاکستان ،سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ،سٹریٹجک باہمی معاہدہ ، مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

شہبازشریف نے پاکستان کو فراہم کی جانےوالی طویل مدتی اقتصادی و مالی معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مکمل حمایت ،تعاون کا یقین دلایا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہاسعودی عرب پر مسلسل حملے علاقائی امن و سلامتی کےلئے سنگین خطرہ ، پاکستان سعودی عرب پر جاری حملوں پر گہری تشویش رکھتا ہے،شہری آبادی ،اہم تنصیبات پر حملے ناقابل قبول ،جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت ،زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

سجاد حیدر خان نے کہا سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان سعودی عرب کےساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کے عزم پر قائم ہے،پاکستان، سعودی عرب، مصر ،ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی ،دفاعی اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا، چاروں ممالک سعودی عرب پر حملے فوری ،غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔