وزیراعظم مذاکرات کیلئے تیار،تمام جماعتیں دہشتگردی مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھیں،رانا ثنا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنانے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہوئے کہاہے وزیراعظم کےساتھ دہشتگردی کے مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھیں،بلوچستان حکومت مسلح افواج ،وفاق سے مکمل تعاون کررہی ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام لوگوں کو ہم خیال ہونا پڑےگا۔

سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا وزیراعظم دہشتگردی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کےلئے تیار ہیں،محمود اچکزئی سپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے اپوزیشن لیڈر بنے ، اپوزیشن کا عہدہ سنبھال لیا لیکن سپیکر چیمبر میں جانے کےلئے تیار نہیں ہیں، خود محمود اچکزئی کے پاس گیا اور کہا ضد چھوڑیں ،وزیراعظم سے ملاقات کریں،ایپکس کمیٹی میں اپوزیشن کے دوست نہیں آتے وہاں کھل کر بات چیت ہوتی ہے، ملک دہشتگردی کا مقابلہ کررہا ہے،گزشتہ روز ہی میجر کی شہادت ہوئی۔

مشیر وزیراعظم نے کہابانی پی ٹی آئی کبھی عدالتوں اور کبھی ٹرمپ کے ذریعے باہر آنا چاہتے ہیں،کے پی میں دہشتگردی کے خاتمے کےلئے صوبائی حکومت تعاون نہیں کر رہی تھی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعدد مرتبہ کہا آپریشن نہیں ہونے دیں گے دوسری جانب بلوچستان حکومت مسلح افواج اور وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔