پاکستان کے پرامن سفارتی کردار کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی: احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علاقائی امن کے فروغ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی ہے ،تاہم ان کامیابیوں کو پائیدار معاشی ثمرات میں تبدیل کرنے کیلئے برآمدات پر مبنی معیشت کی تشکیل ناگزیر ہے۔بدھ کو امریکا ایران جنگ کے بعد: پاکستان کیلئے امن اور معاشی ثمرات کے موضوع پر منعقدہ کانکلیو اور گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اپنی سفارتی اور دفاعی کامیابیوں کو معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے مواقع میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاع کی بنیاد مضبوط معیشت ہے ، پائیدار معاشی بنیادوں کے بغیر قومی سلامتی اور ترقی کے ثمرات دیرپا نہیں ہو سکتے۔پروفیسر احسن اقبال نے دوسری جنگ عظیم کے بعد قائم ہونے والے عالمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو موجودہ دور کی ابھرتی ہوئی حقیقتوں اور بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق خطہ اس وقت بحران اور تنازعات سے گزر رہا ہے جبکہ مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی علاقائی امن، استحکام اور معیشت کیلئے سنگین چیلنج بن سکتی ہے۔