چین میں زلزلے سے تباہی،16 افراد ہلاک، پاکستان نے مدد کی پیشکش کردی


بیجنگ ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) چینی علاقے تبت میں زلزلے سے تباہی،16 افراد ہلاک ،65 زخمی ،سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ چینی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 33 منٹ پر آیا، مرکز ناگچو شہر سے 191 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا ،زیر زمین گہرائی 18 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی،آفٹرشاکس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا،امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں،لوگ ملبے تلے دبے ہونے کے باعث اموات بڑھنے کاخدشہ ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے سے بعض علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ،ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقے سے گزرنے والی ٹرینیں روک دیں،زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے نیشنل ہائی وے 317 کا ایک حصہ بند کردیا گیا،صدر شی جن پنگ نے زلزلہ متاثرین کو بچانے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کےلئے بھرپور اقدامات کی ہدایت کردی۔

ادھر صد آصف زرداری،وزیراعظم شہبازشریف نے تباہ کن زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع ،لوگوں کے زخمی ہونے پر چین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاحکومت ،عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ ،چینی بہن بھائیوں بالخصوص اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعاگو ہیں،پاکستان مشکل گھڑی میں چینی بہن بھائیوں کےساتھ کھڑا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔