تمام سیزنز میں بہترین کھلاڑی قرار، رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا

لزبن (مشرق نیوز) پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے ان کے 2008 کے شاندار سیزن کو بیلن ڈی اور جیتنے والے تمام سیزنز میں بہترین قرار دیا گیا ہے۔

فرانس فٹ بال کی جانب سے بیلن ڈی اور کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرائے گئے خصوصی ایوارڈ ’بی او اے ٹی‘ کیلئے شائقین نے ووٹنگ کی جس میں رونالڈو پہلے نمبر پر رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ووٹ ڈالنے کیلئے ایک یورو فیس مقرر تھی اور شائقین متعدد بار ووٹ دے سکتے تھے۔

ارجنٹائن کے لیونل میسی 2012 کے سیزن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جب انہوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں ریکارڈ 91 گول کئے تھے جبکہ رونالڈو کا 2017 میں ریال میڈرڈ کے ساتھ سیزن تیسرے نمبر پر آیا تاہم ووٹنگ کے اس طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ زیادہ رقم خرچ کرکے زیادہ ووٹ ڈالنا ممکن تھا۔

منتظمین کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد نے ایک سے زیادہ مرتبہ ووٹ دیا۔ رونالڈو نے 2007-08ءکے سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے تمام مقابلوں میں 42 گول کئے اور ٹیم کو پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ اعزاز عوامی ووٹنگ کا نتیجہ ہے کوئی باضابطہ بیلن ڈی اور یا سپر بیلن ڈی اور ایوارڈ نہیں۔