لکی مروت (مشرق نیوز) ضلع لکی مروت میں انسداد پولیو کی چار روزہ قومی مہم 2 نومبر سے شروع ہوگی، جو 5 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران ضلع کی 40 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر ایک لاکھ 71 ہزار 627 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لکی مروت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 1020 تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دوسری جانب مہم کے دوران بچوں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے 929 موبائل ٹیمیں، 52 فکسڈ ٹیمیں اور 39 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔
موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گی، جبکہ فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں مقررہ مراکز اور آمدورفت کے مقامات پر بچوں کو قطرے پلانے کی ذمہ دار ہوں گی۔ پولیو مہم کی موثر نگرانی اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے 46 یونین کونسل چیئرپرسنز اور 261 ایریا انچارجز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے مہم کے تمام انتظامات مکمل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ضلع کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنایا جاسکے۔
لکی مروت میں ایک لاکھ 71 ہزار 627 بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف


















