کاشتکاروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں:عاشق کرمانی

ساہیوال (بیورو رپورٹ) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ضلع ساہیوال میں وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممبرصوبائی اسمبلی ملک ارشد، پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات ملک قاسم ندیم، کمشنر ساہیوال ڈویژن ، سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرل زراعت انفارمیشن نوید عصمت کاہلوں، ڈائریکٹر زراعت ساہیوال ڈاکٹر طاہر جاوید، حاجی احسان الحق ادریس سمیت دیگر متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔گرین ٹریکٹرز پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کیلئے فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ضلع ساہیوال میں مجموعی طور پر 205 کسان کامیاب قرار پائے جن میں سے 177 کسانوں کو ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی اور گیم چینجر پروگرام ہے جس کا مقصد کسانوں کو جدید مشینری تک رسائی فراہم کر کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو جدید سہولیات کی فراہمی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب نے گندم کی خریداری کیلئے 4500 روپے فی من قیمت مقرر کی ہے جس سے گندم کی آئندہ فصل کاشتکاروں کیلئے منافع بخش بن گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ گندم کے بیج پر کاشتکاروں کیلئے 45 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے، جبکہ کسان کارڈ کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کی خریداری کیلئے 150 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔کسان کارڈ کے ذریعے ڈی اے پی کھاد کی خریداری کیلئے 17ارب روپے کی اضافی بلاسود رقم بحساب 3500 روپے فی ایکڑ فراہم کی گئی ہے۔