لاہور (مرزا ندیم بیگ) تھانوں میں شہریوں کی درخواستوں پر ای ٹیگ جاری نہ کرنے کے معاملے میں کارروائیوں کے باوجود محکمانہ انکوائریوں کے نتائج سامنے نہ آ سکے، چار ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹانے اور مختلف تھانوں کے فرنٹ ڈیسک عملے کی معطلی کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف حتمی کارروائی کی تفصیلات تاحال غیر واضح ہیں۔ شہر کے 84 تھانوں میں خفیہ جانچ کا فیصلہ کیے جانے کے بعد یہ سوال بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ کتنے تھانوں میں ای ٹیگ کا نظام مو¿ثر طور پر فعال ہو چکا ہے اور کہاں شہریوں کو اب بھی درخواستوں کے اندراج میں مشکلات کا سامنا ہے۔اکتوبر 2026ءمیں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایات پر ای ٹیگ جاری نہ کرنے اور شہریوں کی درخواستوں کو سسٹم میں درج نہ کرنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔ 13 اکتوبر کو تھانہ جوہر ٹاو¿ن کے ایس ایچ او اور فرنٹ ڈیسک عملے کو ایک شہری کی درخواست پر دو روز تک ای ٹیگ جاری نہ کرنے کے معاملے پر معطل کیا گیا اور مکمل انکوائری ایس ایس پی آپریشنز کے سپرد کی گئی۔ بعد ازاں 15 اکتوبر کو شہر کے تمام 84 تھانوں میں خفیہ جانچ پڑتال کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان ٹیموں کو عام شہری بن کر تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر بھیجنا تھا تاکہ درخواستوں کی وصولی، ای ٹیگ کے بروقت اجرا، عملے کے رویے اور شہریوں کو غیر ضروری انتظار کروانے جیسے معاملات کی جانچ کی جا سکے،16 اکتوبر کو خفیہ اہلکاروں کی رپورٹوں کی روشنی میں نیو انارکلی، پرانی انارکلی اور داتا دربار تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت فرنٹ ڈیسک کی پوری ٹیموں کو معطل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق خفیہ اہلکاروں نے فرضی درخواستیں لے کر تھانوں کا دورہ کیا تھا، جہاں مبینہ طور پر ان درخواستوں پر ای ٹیگ جاری نہیں کیے گئے۔ اس کارروائی کے بعد 19 اکتوبر کو ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے چار ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹانے اور متعلقہ فرنٹ ڈیسک عملے کی معطلی کا اعلان بھی سامنے آیا۔
تھانوں میں ای ٹیگ نہ دینے کی انکوائریوں کے نتائج نہ آسکے
















