لاہور (خبرنگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، اخوت، بھائی چارے، رواداری، باہمی ہم آہنگی اور خدمت انسانیت کا لازوال پیغام ہیں، جو صدیوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عقیدت مندوں کیلئے روحانی رہنمائی اور مشعل راہ کا ذریعہ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مزار پر حاضری دینے والے تمام زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی جبکہ بیرونِ ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت اور آسانی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ پرسکون، باوقار اور آسان ماحول میں اپنی روحانی حاضری مکمل کر سکیں۔مزار پر آمد کے موقع پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور دیگر متعلقہ افسران نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے انہیں داتا دربار کی جاری توسیع، تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبے، زائرین کی سہولیات میں اضافے کیلئے جاری ترقیاتی اقدامات، سکیورٹی انتظامات اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خواتین زائرین کیلئے حال ہی میں تعمیر کیے گئے مخصوص راستے کا دورہ کیا، وہاں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص خواتین زائرین کی آمد و رفت میں آسانی اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ڈی ایس پی داتا دربار ثاقب بٹ، خطیب مولانا ندیم مختار، ایس ڈی او رانا ذوہیب، مزار انتظامیہ کے دیگر ارکان، محکمہ مواصلات و تعمیرات ، نیسپاک اور ٹیپا کی مشترکہ کاوشوں اور خدمات کو بھی سراہا۔اس موقع پر موجود خواتین زائرین نے نئے راستے کی بروقت تکمیل اور بہتر سہولیات کی فراہمی پر نائب وزیراعظم اور محکمہ اوقاف کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نائب وزیراعظم کو زائرین کی سہولت، آمد و رفت کو منظم بنانے اور مزار پر سکیورٹی انتظامات مزید موثربنانے کیلئے محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مذہبی و روحانی مقامات کی بہتری اور زائرین کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش جیسے عظیم صوفیا کرام کی تعلیمات معاشرے میں امن، محبت، برداشت، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔دورے کے اختتام پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور دیگر افسران نے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مولانا ندیم مختار نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی و استحکام اور پوری قوم کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات انسانیت کی خدمت کا لازوال پیغام ہیں:اسحاق ڈار
















