تربیلا ڈیم حادثہ، وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبے پر ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کے معاملے کا جائزہ لینے کےلیے واپڈا حکام آج سائٹ کا دورہ کریں گے۔ جائزے کے بعد انکوائری کا فیصلہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزارت آبی وسائل کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے حکام ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کی سائٹ کا دورہ کریں گے۔ اتھارٹی تمام پہلووں کا جائزہ لے گی۔ جائے وقوعہ کے معائنے اور صورتحال کے جائزے کے بعد انکوائری کا فیصلہ ہوگا۔ وزارت آبی وسائل کے حکام کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے صورتحال کے جائزے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے تربیلا کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ رپورٹ میں واقعہ کے اسباب، پس منظر اور تمام حقائق پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے واقعہ کی وجوہات اوراب تک کےاقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ وزیراعظم کورپورٹ میں نقصانات اور ذمہ داریوں کے تعین سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔